ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست میں کسانوں کو مٹی کی جانچ کیلئے ہیلتھ کارڈ: کرشنا بائرے گوڈا

ریاست میں کسانوں کو مٹی کی جانچ کیلئے ہیلتھ کارڈ: کرشنا بائرے گوڈا

Tue, 06 Dec 2016 13:05:19    S.O. News Service

بنگلورو۔5؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر زراعت کرشنا بائرے گوڈا نے کہاکہ ریاست کے ہر کسان کو2017 کے اختتام تک مٹی کی جانچ کروانے کیلئے سائل ہیلتھ کارڈ جاری کیا جائے گا۔ آج شہر کے جی کے وی کے یونیورسٹی میں عالمی یوم مٹی کے موقع پر اعزازات تقسیم کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ زراعت میں مٹی کے زرخیز ہونے کے متعلق جانچ ایک انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ لیکن بہت سارے کسان اس اہمیت کو نظر انداز کرتے ہیں، اور فصل کی بویائی سے پہلے مٹی کی جانچ نہیں کرواتے۔ جس کی وجہ سے انہیں فصلوں میں نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔اس سلسلے میں کسانوں کومدد فراہم کرنے کیلئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے مشترکہ طور پر مٹی کی جانچ کی اسکیم لاگو کی ہے۔محکمۂ زراعت کا عملہ کسانوں کی زمینات تک پہنچ کر وہیں پر مٹی کی جانچ کرے گا اور وہیں پر مٹی کی جانچ کے متعلق ہیلتھ کارڈ بھی جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں مٹی کی جانچ کیلئے محکمہ نے 12؍ لاکھ نمونے یکجا کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بدلتے ہوئے موسم اور زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنائے جانے سے مٹی کی صحت کی دیکھ بھال بھی کی جاسکتی ہے۔اس سلسلے میں کسانوں میں بیداری لانے کی مہم محکمۂ زراعت کی طرف سے چلائی جائے گی۔ مٹی کی جانچ کے علاوہ اس زمین کیلئے درکار کھاد کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ریاست میں پانی کی قلت کا تذکرہ کرتے ہوئے کرشنا بائرے گوڈا نے کہاکہ اس وجہ سے باغبانی کی سرگرمیوں پر کافی اثر پڑا ہے۔ اس کیلئے محکمہ نے گرین ہاؤز طریقۂ کار کو متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی مدد سے محض 25 فیصد پانی میں فصل کامیابی کے ساتھ حاصل کی جاسکتی ہے اور کسانوں کی آمدنی کو بڑھایا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر اپنے اپنے شعبے میں مختلف زرعی ایجادات کرنے والے افراد کو اعزازات سے نوازا گیا۔


Share: